ایبٹ آباد کے ایوب میڈیکل کمپلیکس (AMC) میں انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک سیکیورٹی گارڈ نے مبینہ طور پر معصوم بچے کو اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ اس دل خراش واقعے کے بعد پورے شہر میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور سماجی حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
متاثرہ بچے کے مطابق، وہ ٹیوشن سے فارغ ہو کر اپنے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں ایوب میڈیکل کمپلیکس کی چیک پوسٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ نوید نے اسے روک لیا۔ ملزم بچے کو زبردستی چیک پوسٹ کے اندر لے گیا جہاں اس نے معصوم بچے کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی۔ بچے نے روتے ہوئے اپنی آپ بیتی گھر والوں کو سنائی، جس کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔
واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تھانہ میرپور پولیس نے فوری ایکشن لیا اور ملزم نوید کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش میرٹ پر کی جا رہی ہے اور تمام طبی و قانونی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزم کو عبرتناک سزا دلوائی جا سکے۔
شہریوں، تاجر برادری اور سول سوسائٹی نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایوب میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ سے سیکیورٹی عملے کی تعیناتی کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ ایسے درندہ صفت عناصر کو سرعام سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی گھناؤنی حرکت کرنے کی جرات نہ کر سکے۔
رپورٹ: شاہ علی فرزند


No comments:
Post a Comment